اسلام آباد: حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 11 ہزار 600 عازمین کی بکنگ مکمل ہوگئی، جبکہ اسکیم کی مزید 60 ہزار نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پورٹل پر رجسٹرڈ منظم حج کمپنیوں کی جانب سے عازمین کے لیے اکانومی، اسٹینڈرڈ اور پریمیم حج پیکیجز دستیاب ہیں، جنہیں عازمین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق منتخب کرسکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے 25 منظمین کے اکاؤنٹس میں واجبات کی مد میں 10 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں، جبکہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 4 ارب روپے سے زائد رقم آن لائن جمع کرائی گئی ہے۔وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے صرف پاک حج ایپ یا حج پورٹل استعمال کریں۔ عازمین کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں تاکہ ممکنہ فراڈ اور مالی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ نشستوں کی دستیابی تک 20 نومبر تک جاری رہے گی۔ عازمین حج کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بکنگ اور ادائیگی کے تمام مراحل سرکاری طور پر منظور شدہ ذرائع سے مکمل کریں۔