کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں زیرِ تعمیر 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال جولائی 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت 600 بستروں کے اسپتال کے تعمیراتی منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ، پیراگون کنسٹرکٹرز، ای اے کنسلٹنگ، لینگڈن ولسن انٹرنیشنل کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ لاڑکانہ کا یہ جدید اسپتال لاکھوں افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 600 بستروں کا اسپتال لاڑکانہ سمیت پورے خطے کے لیے ایک جدید طبی مرکز ثابت ہوگا۔ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہی ہے اور عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ کا 600 بستروں پر مشتمل اسپتال سندھ کے بڑے صحت منصوبوں میں شامل ہے۔ منصوبے کی 94 فیصد پائلنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور سائٹ پر 24 گھنٹے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اسپتال میں ایمرجنسی، آئی سی یو، جدید آپریشن تھیٹرز اور تشخیصی سہولیات قائم کی جائیں گی، جبکہ جدید آئی ٹی سسٹمز اور ڈیجیٹل میڈیکل ریکارڈز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔بریفنگ کے مطابق منصوبے پر اب تک ایک ارب 86 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جاچکے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو منصوبے میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری کو انتظامی مسائل کے فوری حل کی ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے اسپتال کی تکمیل کے ساتھ ہی طبی عملے اور ضروری آلات کی دستیابی کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسپتال کو عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے اور اسے جدید طبی آلات سے آراستہ کیا جائے۔