لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کی پیش رفت، تعمیراتی کاموں اور مقررہ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے اسکیم کے تمام طے شدہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے پورٹل پر اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جبکہ 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد شہریوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 71 ہزار 597 افراد کو قرضے کی دوسری قسط بھی فراہم کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مزید 62 ہزار 600 گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور یہ گھر تکمیل کے مراحل میں ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت قرضوں کی مد میں 22 ارب 29 کروڑ روپے کی اقساط وصول ہو چکی ہیں۔
اجلاس میں اسکیم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔دوسری جانب اپنی چھت، محفوظ چھت اسکیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ درخواستیں وصول کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ اس منصوبے کے تحت 532 گھروں کی تعمیر اور توسیع کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضوں کی فراہمی اور جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔