لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "اپنا کھیت، اپنا روزگار" اسکیم کے تحت 30 ہزار بے زمین اور مستحق خاندانوں کے لیے قرعہ اندازی (بیلٹنگ) مکمل کر دی۔
اس منصوبے کا مقصد بے زمین کسانوں کو قابلِ کاشت سرکاری اراضی فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور دیہی علاقوں میں باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری اراضی 20 سالہ لیز پر دی جائے گی۔ مستحق خاندانوں کو یہ زمین علامتی طور پر سالانہ 100 روپے فی ایکڑ کے عوض فراہم کی جائے گی، جبکہ انہیں زمین کے استعمال کے مکمل حقوق بھی حاصل ہوں گے۔حکام کے مطابق حکومت صرف زمین فراہم نہیں کرے گی بلکہ کاشتکاری کے آغاز کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی معاونت بھی دی جائے گی، جبکہ محکمہ زراعت کی جانب سے جدید زرعی طریقوں، فصلوں کے انتخاب اور پیداوار بڑھانے کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کا آغاز 22 اپریل کو کیا گیا تھا، جس کے بعد مجموعی طور پر 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 11 ہزار خواتین بھی شامل تھیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام درخواست گزاروں کو پہلی مرتبہ ذاتی سماعت اور اپیل کا حق بھی دیا گیا۔ قرعہ اندازی کے ذریعے 29 ہزار لاٹس کی الاٹمنٹ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ کامیاب امیدواروں کو ایک ہفتے کے اندر الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے جائیں گے اور 31 جولائی تک اراضی کا قبضہ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
قرعہ اندازی کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کامیاب امیدوار عبدالستار کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب خاندانوں کو جلد لیز سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے اور زمین کی تیاری کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جلد از جلد کاشتکاری شروع کرکے اپنے خاندان کی معاشی حالت بہتر بنا سکیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار" اسکیم بے زمین اور کم آمدنی والے خاندانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کی الاٹمنٹ مکمل طور پر میرٹ اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کی گئی ہے اور اس عمل میں کسی سفارش یا دباؤ کو دخل نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس موقع پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی یاد آ رہی ہے، جنہوں نے ماضی میں بھی ہاریوں کو زمین فراہم کرنے کے اقدامات کیے تھے۔ ان کے بقول، یہ منصوبہ بھی اسی وژن کا تسلسل ہے، جس کے ذریعے عام شہریوں کو سرکاری اراضی میں باقاعدہ حصہ دار بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے سرکاری قابلِ کاشت اراضی میں عوام کو اسٹیک ہولڈر بنانے کا عملی اقدام کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ بھی دستیاب قابلِ کاشت سرکاری زمین کی نشاندہی کرکے مزید مستحق خاندانوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جبکہ خواتین کی شمولیت بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔