مہنگائی کے ستائے شہریوں پر ایک اور بوجھ پڑ گیا، مرغی اور انڈوں کی سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کا پرچون ریٹ 461 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں مرغی کی قیمت 520 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح سرکاری اور مارکیٹ قیمت میں نمایاں فرق دیکھا جا رہا ہے۔اسی طرح زندہ برائلر مرغی کی سرکاری قیمت 318 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں زندہ مرغی 399 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 249 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں انڈے 300 روپے فی درجن تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ موجود ہونے کے باوجود انہیں مقررہ قیمتوں پر مرغی اور انڈے دستیاب نہیں ہو رہے، جس سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہو رہا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے سرکاری نرخ نامے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں اور مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اضافی بوجھ سے ریلیف مل سکے۔