لاہور میں مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے اور پھلوں و سبزیوں کی قیمتیں سرکاری نرخ ناموں سے تجاوز کرگئی ہیں، دکانداروں نے سرکاری قیمتوں کے بجائے من مانے دام وصول کرنا شروع کردیے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں واضح فرق دیکھا جارہا ہے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق بینگن کی قیمت 80 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم دکاندار اسے 120 روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں۔ اسی طرح بھنڈی 150 روپے کے بجائے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی ہے۔ٹماٹر کی قیمت بھی بڑھ کر 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ دیسی ٹینڈے سرکاری نرخ 200 روپے فی کلو کے مقابلے میں 250 روپے فی کلو فروخت کیے جارہے ہیں۔دوسری جانب پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہیں۔
مارکیٹ میں پپیتا 350 روپے فی کلو، کیلا 180 روپے فی درجن جبکہ شکر قندی 110 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے جاری ہونے کے باوجود بازاروں میں ان پر عملدرآمد نہیں ہورہا اور دکاندار اپنی مرضی کے مطابق قیمتیں وصول کررہے ہیں۔ ان کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیاء مہنگے داموں خریدنے کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہورہا ہے۔