پاکستانی گلوکارہ شائے گل نے اداکارہ و گلوکارہ ہانیہ عامر کے نئے گانے ’پابلو‘ اور اپنے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کے درمیان مماثلت سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری بحث پر وضاحت دے دی۔
ہانیہ عامر کا گانا ’پابلو‘ ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں گانوں کا موازنہ شروع کردیا۔ بعض صارفین کی جانب سے ہانیہ عامر پر شائے گل کے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ سے مماثلت رکھنے والے عناصر استعمال کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیر بحث آگیا۔بحث اس وقت مزید توجہ کا مرکز بن گئی جب شائے گل نے اپنے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر اس کا اکوسٹک ورژن سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ پوسٹ کی ٹائمنگ کو دیکھتے ہوئے بعض مداحوں نے اسے ہانیہ عامر کے گانے ’پابلو‘ سے جوڑتے ہوئے شائے گل کی جانب سے بالواسطہ طنز قرار دیا۔تاہم شائے گل نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی پر طنز کرنا نہیں تھا۔ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے نفرت نہیں کرتیں اور جو لوگ گانے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، وہ ایسا کریں، جبکہ جو لوگ اس معاملے کو ڈرامہ بنانا چاہتے ہیں، وہ بنا سکتے ہیں۔
شائے گل نے مزید وضاحت کی کہ گزشتہ سال ستمبر میں ان کا پہلا سولو گانا ’اِن سیکیورٹی‘ ریلیز ہوا تھا، اسی لیے رواں ستمبر میں اس کا اکوسٹک ورژن شیئر کرنے کا مقصد صرف گانے کی پہلی سالگرہ منانا تھا۔گلوکارہ نے سوال اٹھایا کہ کسی گانے کی ریلیز کو ایک سال مکمل ہونے پر اس کی سالگرہ منانا آخر کسی دوسرے شخص پر طنز کیسے سمجھا جا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر آنے والے ہر کمنٹ کا جواب دے کر اپنی وضاحت پیش نہیں کرسکتیں اور مداح اپنی مرضی سے جو سمجھنا چاہیں، سمجھ سکتے ہیں۔دوسری جانب شائے گل کے ’اِن سیکیورٹی‘ کے اکوسٹک ورژن کو متعدد فنکاروں اور سوشل میڈیا شخصیات کی جانب سے بھی سراہا گیا۔ آئمہ بیگ، عبدالحنان اور انورال خالد سمیت دیگر شخصیات نے گلوکارہ کے نئے ورژن پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔