ہانیہ عامر کا موسیقی کی دنیا میں ڈیبیو، پہلا گانا ’’پابلو‘‘ ریلیز

ہانیہ عامر کا موسیقی کی دنیا میں ڈیبیو، پہلا گانا ’’پابلو‘‘ ریلیز

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری کے بعد موسیقی کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا اور اپنا پہلا گانا ’’پابلو‘‘ ریلیز کردیا۔

ہانیہ عامر نے گانا خود لکھنے کے ساتھ اس کی کمپوزیشن بھی تیار کی ہے۔ ’’پابلو‘‘ کا آغاز پیانو کی دھن سے ہوتا ہے، جو اداکارہ کے شوخ اور معصوم انداز سے ہم آہنگ نظر آتا ہے، تاہم آگے چل کر گانا پنجابی ہپ ہاپ کے رنگ میں ڈھل جاتا ہے۔گانے میں ہانیہ عامر نے اپنے ناقدین اور مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی خوبصورتی، مقبولیت اور شخصیت سے متعلق ہونے والی تنقید کا جواب دیا ہے۔ وہ پنجابی بولوں کے ذریعے مخالفین کو پیغام دیتی ہیں کہ وہ خود خوش اور پُرسکون ہیں جبکہ دوسروں کو ان کی کامیابی سے پریشانی ہے۔ہانیہ عامر نے گانے میں اپنی مقبولیت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مداح مختلف جگہوں پر ان کا پیچھا کرتے ہیں، جبکہ ان کے ’’پنڈی اٹیٹیوڈ‘‘ کا چرچا بھارت تک ہے۔ گانے میں اداکارہ نے اپنی مصروف زندگی، دوستوں اور مختلف شرارتوں کا بھی تذکرہ کیا ہے۔

اداکارہ نے اپنے مخالفین کو مشورہ دیا کہ وہ سکون سے رہیں، زیادہ پریشان نہ ہوں اور اپنی زندگی پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سب لوگ انسان ہیں اور ہر شخص کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا، اس لیے اپنی حیثیت کے مطابق زندگی گزارنا سیکھنا چاہیے۔’’پابلو‘‘ کے اختتامی حصے میں بھارتی ریئلٹی ٹی وی اسٹار راکھی ساونت بھی خصوصی طور پر نظر آتی ہیں۔ وہ ہانیہ عامر کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں ’’جان‘‘ کہتی ہیں اور پریشان نہ ہونے کا مشورہ دیتی ہیں۔راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’حور‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ان کے چہرے پر ایک خاص نور ہے جس کے باعث لوگ ان سے حسد کرتے ہیں۔ انہوں نے ہانیہ عامر کو ’’شیرنی‘‘ بھی قرار دیتے ہوئے مخالفین کا بہادری سے سامنا کرنے کا مشورہ دیا۔