ایران سے کرمانشاہ جانے والی سپہران ایئرلائنز کی پرواز نے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی خرابی کے باعث دوبارہ مشہد ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔رپورٹس کے مطابق بوئنگ 737 طیارے کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد لینڈنگ گیئر کا ایک ٹائر الگ ہوگیا، جس کے بعد طیارے میں انجن سے متعلق مسئلہ اور شدید کمپن پیدا ہوئی۔ صورتحال کے پیش نظر پائلٹ نے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کا رخ واپس مشہد کی جانب موڑ دیا۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں طیارے کے اندر شدید ہلچل کے باعث مسافروں کو خوفزدہ اور چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ شدید کمپن کے نتیجے میں کیبن کی چھت کے بعض پینل بھی ٹوٹ کر نیچے آ گئے جبکہ اوور ہیڈ کمپارٹمنٹس سے سامان گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
طیارہ بحفاظت مشہد ایئرپورٹ پر اتر گیا، جس کے بعد مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے کرمانشاہ روانہ کردیا گیا۔ واقعے کے بعد رن وے کو عارضی طور پر بند کرکے حفاظتی جانچ بھی کی گئی۔ایرانی شہری ہوا بازی کے حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران سپہران ایئرلائنز کے طیارے سے پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے، تاہم دونوں واقعات میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔