ماسکو کے داغستان ریجن میں ایک ہولناک ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا، جس میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ واقعہ ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں ملٹری پلانٹ کے ملازمین کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر ایک چٹان سے ٹکرایا۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے پہلے دو حصوں میں ٹوٹ رہا ہے۔ویڈیو کے مطابق، پائلٹ نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کو پانی میں اتارنے کی کوشش کی، لیکن چند لمحوں بعد وہ دوبارہ ہموار زمین پر لینڈنگ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق، ہیلی کاپٹر کچھ دیر ہوا میں معلق رہا، پھر بے قابو ہو کر گھومتا ہوا زمین پر آ گرا اور مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ملٹری پلانٹ کے ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر، چیف انجینئر، اور چیف ڈیزائنر شامل ہیں، جن کے علاوہ دیگر 2 افراد بھی ہلاک ہوئے۔ روسی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور ابتدائی رپورٹ میں فنی خرابی کو حادثے کا ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔ تاحال، مرنے والوں کی شناخت اور حادثے کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، مگر یہ واقعہ فوجی اور دفاعی تنصیبات کے لیے ایک بڑا افسوسناک واقعہ ہے۔