ڈیرہ غازیخان(خصوصی رپورٹ ) رشوت ستانی کے خلاف اینٹی کرپشن کا کریک ڈا ئون جاری ہے، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور لیہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 43 ہزار روپے رشوت بر آمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن کی ہدایات پر کرپشن کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحقیقات ظفر عباس چانڈیہ نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع کونسل کے بیلدار محمد ایوب کو 10 ہزار روپے رشوت کے نشان زدہ نوٹ وصول کرتے ہوئے مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ مظفرگڑھ میں اینٹی کرپشن سرکل آفیسر عمار یاسر خان نے سول جج مظفرگڑھ کے ریڈر زاہد حسین کو 15 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق ملزم پر مقدمہ جلد فائنل کرنے کے عوض رشوت لینے کا الزام ہے۔ لیہ میں سرکل آفیسر خضر اقبال نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹام فروشوں شیخ مظہر حسین اور اظہر حسین کو 18 ہزار روپے وصول کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق دونوں ملزمان پر اسٹام پیپر مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔