پاکستان ٹیم کی پریس کانفرنس دبئی میں اچانک منسوخ، ممکنہ پریکٹس بھی ملتوی

پاکستان ٹیم کی پریس کانفرنس دبئی میں اچانک منسوخ، ممکنہ پریکٹس بھی ملتوی

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کی آج شام ساڑھے سات بجے ہونے والی پریس کانفرنس اچانک منسوخ کر دی گئی ہے، جس سے کھیل کے شائقین میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

پریس کانفرنس کے اچانک منسوخ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم کی رات 9 بجے شیڈول پریکٹس سیشن بھی ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ایشیا کپ کے میچ کے ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو عہدے سے ہٹانے سے انکار کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی نے اس فیصلے کے بارے میں پی سی بی کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے، تاہم پی سی بی نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی۔

اس پیشرفت کے بعد پی سی بی حکومت سے مشاورت کرے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے گا۔ امکان ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں پی سی بی اپنا باضابطہ مؤقف پیش کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اگر پاکستان کا مطالبہ نہ مانا گیا تو قومی ٹیم ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اہم ایشیا کپ میچ کل کھیلا جائے گا، جس کی تیاریاں اس غیر یقینی صورتحال کے باوجود جاری ہیں۔