بلاول بھٹو سے چین کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی CSCEC کے اعلیٰ وفد کی ملاقات

بلاول بھٹو سے چین کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی CSCEC کے اعلیٰ وفد کی ملاقات

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شنگھائی میں چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن (CSCEC) کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں بیلٹ اینڈ روڈ انفارمیشن انڈسٹری یونین کے مشیر اور دیگر سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وفد نے بلاول بھٹو کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (BRI) کے تحت پاک-چین اقتصادی راہداری (CPEC) اور دیگر اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور گرین انرجی پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات کی گئی۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کی عالمی سطح پر تعمیراتی منصوبوں میں کارکردگی کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر سندھ حکومت کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر برائے توانائی ناصر شاہ بھی موجود تھے، جنہوں نے سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مستقبل میں اقتصادی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں کو تیز رفتار سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔