کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر جبل نور کے قریب نامعلوم افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں بھاری مشینری آگ کی لپیٹ میں آگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کر دیں۔فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق واقعہ مغربی بائی پاس پر جبل نور کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی جانب سے تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو آگ لگائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بھاری مشینری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر موجود ہیں اور اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ آگ کی شدت اور صورت حال کے پیش نظر فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں بھی جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی جا رہی ہیں تاکہ آگ پر قابو پانے کی کارروائی تیز کی جا سکے۔
دوسری جانب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور آگ لگانے کے محرکات کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو آگ لگانے کے پیچھے کون ملوث ہے اور واقعے میں کتنا مالی نقصان ہوا ہے۔ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔