میڈرڈ: اسپین نے اسرائیلی ہتھیاروں کے ایک اہم معاہدے کو منسوخ کر دیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 70 کروڑ یورو (825 ملین ڈالر) تھی۔
یہ معاہدہ اسرائیلی کمپنی ایل بٹ سسٹمز کے ڈیزائن کردہ راکٹ لانچر سسٹمز کی خریداری کے لیے طے پایا تھا۔رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ 12 SILAM راکٹ لانچر سسٹمز کی خریداری پر مشتمل تھا، جو اسرائیلی پلیٹ فارم PULS پر مبنی ہیں۔ اسپین کی حکومت نے 9 ستمبر کو اس معاہدے کی سرکاری طور پر منسوخی کی تصدیق کی۔اس اقدام کے پیچھے اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز کی حکومت کی پالیسی ہے، جس کے تحت اسرائیل کے ساتھ اسلحے کی خرید و فروخت پر مکمل قانونی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسپین کی بائیں بازو کی حکومت نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہتھیاروں کی تجارت روک کر اس عمل کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔معاہدے کی منسوخی کا مقصد اسرائیل کی جارحیت کے خلاف واضح موقف اختیار کرنا اور انسانی حقوق کے عالمی معیار کے مطابق عملی قدم اٹھانا قرار دیا گیا ہے۔