ملک میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جہاں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خوردونوش خاص طور پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔
بازاروں میں درجہ اول کا گھی 560 روپے فی کلوگرام اور درجہ دوم کا 530 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہے۔ اسی طرح درجہ اول کوکنگ آئل 575 سے 580 روپے فی لیٹر جبکہ درجہ دوم آئل 560 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ کمپنیوں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں جس کے باعث انہیں بھی اشیاء مہنگی فروخت کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جبکہ شہری انتظامیہ کی ناکامی پر شدید برہم ہیں۔
مہنگائی کی اس لہر نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے اپنے گھریلو بجٹ میں توازن قائم کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مہنگائی پر قابو پایا جائے اور بنیادی خوراک کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔