ویب ڈیسک: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد عوام کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
حکومتی اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔شہریوں نے پیٹرول کی قیمت برقرار رہنے کو خوش آئند قرار دیا ہے، تاہم ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ "پیٹرول کی قیمت نہ بڑھنا حوصلہ افزا ہے، لیکن موجودہ مہنگائی کے تناظر میں حکومت کو ڈیزل کی قیمت بھی کم کرنی چاہیے۔"
ٹرالر ڈرائیورز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان کا کہنا ہے کہ معمولی اضافہ بھی ایندھن کی لاگت بڑھا دیتا ہے، جس کا براہِ راست اثر کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی جائے تاکہ کاروباری اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر دباؤ کم ہو سکے۔