اس ہفتے آپ کے دورہ ریاض کا منتظر ہوں:سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں گفتگو
دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک)عرب اسلامی سربراہ کانفر نس کے موقع پر وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کہا یہ اسرائیل کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور مدبرانہ قیادت کو سراہا جس کے نتیجے میں امتِ مسلمہ اس نازک گھڑی میں متحد ہوئی۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر سطح پر، خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جہاں پاکستان اس وقت نان پرمننٹ رکن ہے اور دیگر تمام بین الاقوامی و علاقائی فورمز بشمول او آئی سی میں بھرپور سفارتی حمایت فراہم کرے گاوزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔سعودی ولی عہد نے کہا اس ہفتے وزیراعظم پاکستان کے دورہ ریاض کے منتظر ہیں، دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کا موقع فراہم کرے گا۔