لاہور(کرائم رپورٹر)مناواں پولیس ٹریننگ سکول اور ایف آئی اے بلڈنگ پر خود کش حملے کے شہداء کی 16ویں برسی کے موقع پر پولیس گارڈزنے انسپکٹررانا فاروق، سب انسپکٹرمحمد اسلم اورسب انسپکٹرمحمد انور کی قبور پر حاضری دی۔ لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کوسلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ لاہور پولیس کے یہ جانباز15اکتوبر2009ء کے خودکش حملوں میں شہادت کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔ سب انسپکٹرمحمد اسلم اورسب انسپکٹرمحمد انور مناواں پولیس ٹریننگ سکول پرخودکش حملے میں شہید ہوئے جبکہ انسپکٹر رانا فاروق نے ایف آئی اے بلڈنگ پر خودکش حملے میں جام ِ شہادت نوش کیا۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے مناواں پولیس ٹریننگ سکول اور ایف آئی اے بلڈنگ پر خودکش حملے کے شہداء کی برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے جانثاروں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے342 افسران و اہلکاروں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں شہداء اور غازیوں کا لہو شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں فرنٹ لائن پر اپنے فرائض ادا کررہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کے بچوں کی تعلیم،صحت و دیگر معاملات کو احسن طریقے سے نبھایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس زندگی کے ہر موڑ پرشہداء کے اہل ِ خانہ کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔