لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سانحہ لبرٹی چوک میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے دوران شہید ہونے والے6 پولیس افسران اور اہلکاروں کی 16ویں برسی کے موقع پولیس شہدا اور ان کی فیملیز کو خراج عقیدت پیش کیاآئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس کا ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سمیت سپورٹس و کلچرل سرگرمیوں کی بحالی میں کلیدی کردار ہے۔ پولیس افسران اورجوانوں نے2009ء میں آج ہی کے دن سری لنکن ٹیم پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں ٹریفک وارڈن تنویر اقبال، ہیڈ کانسٹیبل فیصل رشید، کانسٹیبلز مدثر ندیم، ظفر اقبال، محمد سلطان اور ٹیپو فرید شامل ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں تازہ رہیں گی۔ شہداء پولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رہے گا۔