لاہور پولیس کی گارڈ کی قبروں پر حاضری ، چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے ریسکیو15بلڈنگ پر خودکش حملے کے شہداء کی 16ویں برسی کے موقع پر خراج ِ تحسین پیش کیا گیا۔لاہور پولیس کی گارڈنے انسپکٹرعبدالرؤف سلطان،کانسٹیبلان شکیل احمد،عمیر نذیر،نثار منشاء ،حافظ محمد ندیم اور محمد اکرم کی قبور پر حاضری دی۔لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، ان کی قبور پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔27مئی2009ء میں ہینڈ گرنیڈ اور دستی اسلحہ سے مسلح6دہشتگرد ریسکیو15بلڈنگ پر حملہ آور ہوئے۔ سکیورٹی پر تعینات جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جوابی فائرنگ سے پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔بزدل حملہ آوروں کو راہِ فرار اختیار کرتے دیکھ کر خود کش بمبار نے ہائی ایس کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں لاہور پولیس کے یہ جانباز شہادت کے منصب پر فائز ہوئیسی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے جانثاروں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے342 افسران و اہلکار وں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا مشن وطن کا تحفظ اورامن ہے جو انشاء اللہ جاری و ساری رہے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں لاکھوں شہدا ء اور غازیوں کا لہو شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔سی سی پی اونے کہا کہ لاہورپولیس کرائم کنٹرول، دہشت گردی کے قلع قمع اور قیامِ امن میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہورپولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں فرنٹ لائن پر اپنے فرائض ادا کر رہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو گھروں کی فراہمی، بچیوں کی شادی، معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کیلئے ہمارے دفاتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس زندگی کے ہر موقع پر شہداء کے اہل ِ خانہ کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔