کانسٹیبل محمد آصف شہید کی 16ویں برسی کے موقع پر قبر پر حاضری

 پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی 
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کی جانب سے گارڈ کے کانسٹیبل محمد آصف شہید کی 16ویں برسی کے موقع پر ان کی قبر پر حاضری دی گئی، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل محمد آصف نے 4 فروری 2010ء کو قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ شہادت کے وقت وہ تھانہ گلشنِ راوی میں تعینات تھے۔ تقریب میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی اور شہید کی قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور نے اپنے پیغام میں کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکار محکمہ پولیس کا فخر اور شان  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس اپنے شہداء کے اہل خانہ کی ویلفیئر کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا مشن، یعنی وطن کا تحفظ اور قیامِ امن، انشاء اللہ جاری و ساری رہے گا۔تقریب کے اختتام پر شہید کانسٹیبل محمد آصف کی بلندی و درجات اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔