ویب ڈیسک: اٹلی کے فیومیسینو ایئرپورٹ سے اُڑان بھرنے والی ہینان ایئرلائنز کی پرواز کے ایک انجن میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ روم سے چین کے شہر شینزین کی طرف پرواز کر رہا تھا۔ بوئنگ 787 ڈریم لائنر میں 249 مسافر اور 16 عملے کے ارکان سوار تھے۔ ویڈیو میں طیارے کے ایک انجن سے بلند ہوتے شعلے دکھائی دے رہے ہیں، جس نے مسافروں میں خوف و ہراس پیدا کیا۔اطالوی کوسٹ گارڈ کے مطابق، انجن میں آگ اس وقت لگی جب طیارہ پرندے سے ٹکرا گیا تھا۔ پرندہ انجن میں داخل ہو گیا جس سے آگ بھڑک اُٹھی۔ تاہم، پائلٹ نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرائی اور طیارہ باحفاظت واپس فیومیسینو ایئرپورٹ پر اُتر گیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی کو بھی زخمی نہیں ہوا۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ایئرلائنز کی جانب سے انجن میں آگ لگنے کی وجہ کی تفصیل فراہم کی جائے گی۔ اس حادثے کے بعد فضائی سفر کے حوالے سے حفاظتی اقدامات پر سوالات اُٹھ رہے ہیں، کیونکہ اس طرح کے واقعات مسافروں کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔