چار مرتبہ کی اولمپک چیمپئن تیراک آریارنے ٹٹمس نے 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

چار مرتبہ کی اولمپک چیمپئن تیراک آریارنے ٹٹمس نے 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: آسٹریلیا کی معروف تیراک اور چار مرتبہ کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ آریارنے ٹٹمس نے محض 25 سال کی عمر میں اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے شائقینِ کھیل کو حیران کر دیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آریارنے ٹٹمس نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اعلان کیا کہ انہوں نے 18 سال سوئمنگ میں گزارے اور 10 برس ملک کی نمائندگی کی، تاہم اب وہ زندگی کے نئے مرحلے کی طرف بڑھنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ“میں نے ہمیشہ سوئمنگ سے محبت کی، مگر ایک وقت ایسا آتا ہے جب زندگی میں سوئمنگ سے بڑھ کر بھی کچھ دیکھنا پڑتا ہے۔ کینسر کا خوف میرے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ تھا، جس نے مجھے ذہنی طور پر متاثر کیا۔”واضح رہے کہ پیرس اولمپکس سے قبل آریارنے ٹٹمس کو کینسر کے ٹیومر کی سرجری سے گزرنا پڑا تھا۔

آریارنے ٹٹمس 1964 کے بعد پہلی آسٹریلوی تیراک تھیں جنہوں نے ایک ہی ایونٹ میں مسلسل دو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے پیرس اولمپکس میں دو سابقہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز کو شکست دے کر 400 میٹر فری اسٹائل میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ٹٹمس نے ٹوکیو اور پیرس اولمپکس میں مجموعی طور پر 8 تمغے اپنے نام کیے اور وہ 200 اور 400 میٹر فری اسٹائل میں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بھی ہیں۔