محمد آصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپئن بن گئے

محمد آصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپئن بن گئے

ویب ڈیسک:محمد آصف نے تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپئن بن کر نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ ایک اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

 انہوں نے آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کے ایشین چیمپئن علی گھر غوزلو کو 3-5 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔اس کامیابی کے بعد محمد آصف نے بھارت کے معروف اسنوکر کھلاڑی پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ فائنل میں محمد آصف نے 9 فریمز پر مشتمل اس سنسنی خیز مقابلے میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا اور حریف کھلاڑی کو بے بس کر دیا۔

محمد آصف کی یہ کامیابی اس وقت آئی جب انہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 سینچری بریکز کرنے کا بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔42 سالہ محمد آصف نے اپنی پہلی عالمی اسنوکر چیمپئن شپ 2012 میں جیتی تھی اور 2019 میں دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی مسلسل محنت اور مہارت سے دنیا بھر میں اسنوکر کے کھیل میں پاکستان کا مقام مزید مستحکم کر دیا ہے۔

محمد آصف کی اس شاندار فتح پر پاکستان اسنوکر اینڈ بلئیرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدے داران نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور اس کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مسلسل کامیابیاں عالمی سطح پر پاکستان کے کھلاڑیوں کی پذیرائی کا باعث بنیں گی اور انعامات سے نوازا جائے گا، جیسے کہ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے پر پذیرائی ملی۔محمد آصف کی اس کامیابی نے اسنوکر کے کھیل میں پاکستان کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا ہے اور انہیں ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر اس کھیل کے بادشاہ کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔