مکہ مکرمہ میں ’کنگ سلمان گیٹ‘ منصوبے کا اعلان، مکہ کے ترقیاتی دور کا نیا باب

مکہ مکرمہ میں ’کنگ سلمان گیٹ‘ منصوبے کا اعلان، مکہ کے ترقیاتی دور کا نیا باب

ویب ڈیسک: سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مکہ مکرمہ میں تاریخی ’کنگ سلمان گیٹ‘ منصوبے کا اعلان کر دیا، جو مقدس شہر میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

سعودی میڈیا کے مطابق یہ کثیر الجہتی منصوبہ مسجدِ حرام کے قریب 12 ملین مربع میٹر رقبے پر محیط ہوگا۔ اس کا مقصد مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور اسے عمرانی ترقی کا عالمی ماڈل بنانا ہے۔منصوبے میں زائرینِ حرمین کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات، جدید نقل و حمل کے نظام اور نو لاکھ نمازیوں کے لیے وسیع اندرونی و بیرونی مصلیٰ جات شامل ہوں گی۔اس کے علاوہ، منصوبہ براہِ راست پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک سے منسلک ہوگا، جبکہ 19 ہزار مربع میٹر پر مشتمل ثقافتی و تاریخی علاقوں کی بحالی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔رپورٹس کے مطابق، کنگ سلمان گیٹ منصوبے سے 2036 تک تین لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔یہ عظیم الشان منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے اور مملکت کی معیشت کو پائیدار ترقی اور عالمی سطح پر نمایاں تبدیلی کی راہ پر گامزن کرے گا۔