سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ مکہ مکرمہ اور دارالحکومت ریاض میں تیز بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں بھی بارانِ رحمت ہوئی، جہاں بارش کے دوران عمرہ زائرین طوافِ کعبہ میں مصروف رہے۔ بارش کے باعث شہر کی متعدد سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔دوسری جانب ریاض میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں نے خوشگوار موسم سے لطف اٹھایا۔سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔