سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری رہی، جس کے باعث شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ صحرائی وادیوں میں بھی خوب بارش ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں کالی گھٹائیں چھائی رہیں اور وقفے وقفے سے تیز بارش ہوتی رہی، جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکوں پر بھی پانی جمع ہو گیا۔ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی آئی اور شہری خوشی خوشی موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔رپورٹس کے مطابق شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ صحرائی وادیوں میں بھی بارش کا پانی بہہ نکلا جس سے وادیاں سیراب ہو گئیں اور کئی مقامات پر پانی کے خوبصورت مناظر دیکھنے میں آئے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔