وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ عبدالعزیز الجدعان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی شراکت داری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے، آئی ایف سی (انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے کردار پر بھی بات چیت کی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب کو قومی ایئر لائن (PIA) اور ہوائی اڈوں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے سعودی تعاون کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
محمد اورنگزیب نے یقین دلایا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔دونوں وزرائے خزانہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات روایتی دوستی سے آگے بڑھ کر ایک اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کی شکل اختیار کر رہے ہیں، اور آئندہ مہینوں میں باہمی تعاون کے مزید مواقع تلاش کیے جائیں گے۔