نواز شریف سے ازبک سفیر کی ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

نواز شریف سے ازبک سفیر کی ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ازبک سفیر نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کا خصوصی خط محمد نواز شریف کو پہنچایا، جس میں صدر ازبکستان نے نواز شریف کو پاکستان کا محب وطن اور عوام دوست رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شاندار اور دیرپا منصوبے متعارف کرائے۔خط میں ازبک صدر نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبوں کو بھی سراہا اور پنجاب میں جاری ترقیاتی اقدامات کی تعریف کی۔ صدر شوکت مرزائیوف نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ازبک صدر نے محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ازبکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مستقبل میں مختلف شعبوں، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری میں مزید فروغ دیا جائے۔