آئی ایم ایف معاہدہ پاکستانی معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، وزیرخزانہ اور ٹیم تحسین کی مستحق ہے‘پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے
ملکی سالمیت کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا، افغان طالبان کو ان کی بلا اشتعال جارحیت کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا :وزیراعظم ‘ سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش
پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو سٹاک اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی برآمد میں مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے:وزیراعظم کی آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے سٹاف لیول معاہدہ آئی ایم ایف کا پاکستانی معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔جاری تہینیتی بیان کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ اسٹاف لیول معاہدہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں ہونے والی بہتری کا عکاس ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ، وزیر مملکت خزانہ ، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور ان کی تمام ٹیم تحسین کی مستحق ہے، جن کی محنت کی بدولت آئی ایم ایف کے ساتھ یہ معاہدہ طے پایا ۔ پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ حکومت پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام تر اقدامات کرے گی۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان، فتن الہندوستان اور فتن الخوارج کی جانب سے اشتعال انگیزی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ افغان طالبان کو ان کی بلا اشتعال جارحیت کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی سالمیت کا بہر صورت دفاع کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی سرزمین کا پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کے لیے استعمال ہونا انتہائی قابل مذمت ہے۔علاوہ ازیںکستان میں آسٹریلیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے بدھ کی صبح وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ہائی کمشنر کو پاکستان میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی اور پاکستان آسٹریلیا تعلقات کی مضبوطی میں مثبت کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ خاص طور پر زراعت، لائیو سٹاک اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی برآمد میں مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ہائی کمشنر سے پاکستان کو آسٹریلوی ماہرین کی خدمات کے حصول میں مدد کی درخواست کی۔ اقتصادی اصلاحات کے بارے میں وزیراعظم نے گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں متعدد اقتصادی اصلاحات کی گئیں