حکومت کی خواہش ہے خیبرپختونخوا بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی و خوشحالی کے سفر میں تیزی سے آگے بڑھے‘ عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں:وزیراعظم

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی شہبازشریف
 ریلوے کو مضبوط، منافع بخش اور مالی طور پر خود کفیل ادارہ بنانے کیلئے کارپوریٹ طرز کی اصلاحات ناگزیر ہیں‘ایم ایل ون منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایاجائے‘فنڈنگ کا منصوبہ پیش کیا جائے
 ریلوے کی املاک میں موجود حقیقی تجارتی صلاحیت کو بروئے کار لا کر نہ صرف ادارے کی آمدن بڑھائی جا سکتی ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکتاہے:پا کستان ریلوے میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے  دہشتگردی کے ناسور کو ہر قیمت پر روکا جائے گا، حکومت کی خواہش ہے  خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور، مختلف پیش رفت اور متعلقہ معاملات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کی اصلاحات اور مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے  ریلوے کو مضبوط، منافع بخش اور مالی طور پر خود کفیل ادارہ بنانے کے لیے کارپوریٹ طرز کی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ایم ایل ون منصوبے، ریلوے کی اراضی کے استعمال اور ادارے کی مالی و انتظامی بہتری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ریلوے کی قبضہ شدہ زمینوں کی نشاندہی اور واگزاری کے لیے چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب اور وزارتِ ریلوے کی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ترقی، مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور فریٹ ٹرانسپورٹ میں اضافے کے لئے   ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی اراضی کو کمرشل بنیادوں پرموثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایم ایل ون منصوبے کی تعمیر کو آگے بڑھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی املاک میں موجود حقیقی تجارتی صلاحیت کو بروئے کار لا کر نہ صرف ادارے کی آمدن بڑھائی جا سکتی ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے