اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پولیس لائنز میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے گھر مبینہ تشدد سے 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار خاتون ملزمہ افشاں اور مدرسے کے قاری علی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
دونوں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے ملزمان کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ واقعے کی مزید تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے ملزمان سے پوچھ گچھ ضروری ہے۔تاہم عدالت نے پولیس کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور پولیس کو مقررہ مدت میں تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ملزمان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک ناخوشگوار واقعہ بھی پیش آیا، جہاں نائب کورٹ عباس نے صحافیوں کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ایچ الیون، پولیس لائنز سے 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی تشدد کے باعث ہلاکت کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ کمسن بچی ایک سینئر افسر کے گھر میں گھریلو ملازمہ تھی اور قرآن پاک حفظ کر رہی تھی۔تھانہ شمس کالونی میں درج مقدمے کے مطابق بچی کے والد نے الزام عائد کیا کہ بیٹی کی لاش پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بچی کے جسم پر ڈنڈوں سے مارنے کے نشانات بھی پائے گئے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی مبینہ طور پر بچی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔واقعے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے نے متعلقہ ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا کر ہیڈکوارٹر منتقل کردیا ہے۔