لاہور کی کینٹ کچہری میں دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے چار ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
پولیس نے ملزمان، جن میں رضا ڈار بھی شامل ہیں، کو عدالت میں پیش کیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی گئی ہے، تاہم مبینہ طور پر حاصل کی گئی رقم کی ریکوری ابھی باقی ہے۔سماعت کے دوران تین ملزمان ساجد، حسن رضا اور سکندر کی جانب سے وکیل سلمان شاہد عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ ملزم رضا ڈار کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔عدالت نے تفتیش مکمل کرنے کے لیے چاروں ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔