صوبہ بدستور بدانتظامی ،بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے،چودھری سالک حسین

صوبہ بدستور بدانتظامی ،بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے،چودھری سالک حسین

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا باضابطہ تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ قانونی نوٹس کے ذریعے دھمکانے کی کوششیں انہیں عوامی مسائل پر آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتیں۔چوہدری سالک حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ یہ ایسے مسائل ہیں جن پر دھمکیوں کے بجائے خود احتسابی اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب کے وسیع تر مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ قانونی نوٹس کے باوجود وہ پنجاب میں مبینہ کرپشن اور دیگر مسائل پر اپنا مؤقف پیش کرتے رہیں گے۔چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے ہتکِ عزت کے دو قانونی نوٹس بھی بھجوائے ہیں، جن میں سے ایک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دوسرا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری کو ارسال کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا تحریری جواب ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد نواز کے توسط سے ارسال کیا گیا ہے۔ چونکہ قانونی نوٹس بھی انہیں کے ذریعے موصول ہوا تھا، اس لیے اس کا جواب بھی انہی کے ذریعے بھجوایا گیا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق چوہدری سالک حسین کے بیان پر انہیں قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔ مریم نواز کی جانب سے مبینہ طور پر 5 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔