لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے درمیان معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پنجاب حکومت نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور ان کے اہلخانہ کی سیکیورٹی پر تعینات پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو واپس بلا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے ساتھ تعینات پنجاب پولیس کی سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر تعینات ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے معاملے کا نوٹس لیے جانے اور چوہدری حسین الٰہی کی تقریر کے بعد سیکیورٹی واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس پیش رفت کو دونوں جانب کے درمیان جاری اختلافات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
ادھر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سیکیورٹی اہلکاروں کی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار گزشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے ان کی حفاظت پر مامور تھے۔ دوسری جانب پنجاب پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا کو پنجاب کی حدود میں ضرورت کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، تاہم صوبے کی ایلیٹ فورس کو پنجاب سے باہر تعینات نہیں کیا جائے گا۔
قانونی نوٹس اور کرپشن الزامات کا تنازع
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اور چوہدری سالک حسین کے درمیان اختلافات اس وقت سامنے آئے جب وفاقی وزیر نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں پنجاب حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور مبینہ کرپشن سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔ چوہدری سالک حسین نے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے دور حکومت کی تعریف کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی ترقیاتی ترجیحات پر بھی تنقید کی تھی۔چوہدری سالک حسین کے بیانات پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے انہیں 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا تھا۔ قانونی نوٹس میں وفاقی وزیر سے الزامات کے ثبوت، بیان واپس لینے اور غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ چوہدری سالک حسین نے قانونی نوٹس پر اپنا جواب تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور الزامات سے متعلق اپنا جواب قانونی طریقہ کار کے مطابق دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے حالیہ بیانات میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا نام نہیں لیا گیا تھا۔
چوہدری شافع حسین کے سیاسی کردار پر بھی توجہ
اس معاملے میں ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ چوہدری سالک حسین کے بھائی چوہدری شافع حسین پنجاب کابینہ میں وزیر برائے صنعت و تجارت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ یوں ایک طرف چوہدری سالک حسین وفاقی سطح پر مسلم لیگ (ق) کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ ان کے بھائی پنجاب حکومت کا حصہ ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی کرپشن کے الزامات عائد کرنے والے وزرا کو کابینہ سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ اس بیان کے بعد دونوں جانب کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہو گئے ہیں۔