خدیجہ شاہ کی منی لانڈرنگ انکوائری کے خلاف درخواست پر سماعت ملتوی

خدیجہ شاہ کی منی لانڈرنگ انکوائری کے خلاف درخواست پر سماعت ملتوی

لاہور ہائیکورٹ نے فیشن ڈیزائنر اور پاکستان تحریک انصاف کی کارکن خدیجہ شاہ کی جانب سے ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ انکوائری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی۔

کیس کی سماعت جسٹس خالد ابن عزیز نے کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل سمیر کھوسہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جبکہ ان کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ وکیل کی عدم موجودگی اور التوا کی درخواست کے باعث عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔درخواست میں خدیجہ شاہ نے ایف آئی اے کی جانب سے مبینہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے شروع کی گئی انکوائری کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو درخواست میں نامزد کیا ہے۔

خدیجہ شاہ سابق وزیرِ خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے 18 دسمبر 2023 کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے مبینہ مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کی انکوائری شروع کی، تاہم ان کے مطابق اس کارروائی کے لیے کوئی باقاعدہ شکایت یا قانونی جواز موجود نہیں تھا۔ انہوں نے عدالت سے انکوائری کو غیر قانونی قرار دے کر ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔