پی ٹی آئی خدیجہ شاہ کیس میں اہم پیشرفت،16نومبرکودرخواست سماعت کیلئےمقرر

پی ٹی آئی خدیجہ شاہ کیس میں اہم پیشرفت،16نومبرکودرخواست سماعت کیلئےمقرر

لاہور: فیشن ڈیزائنر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن خدیجہ شاہ کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ انکوائری کے خلاف دائر ان کی تقریباً 3 سال پرانی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق خدیجہ شاہ کی درخواست پر 16 نومبر کو سماعت ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد ابن عزیز کیس کی سماعت کریں گے۔خدیجہ شاہ نے ایف آئی اے کی جانب سے شروع کی گئی منی لانڈرنگ انکوائری کو چیلنج کرتے ہوئے 18 دسمبر 2023 کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں وفاقی حکومت، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست کے مطابق ایف آئی اے نے مبینہ طور پر مشکوک بینک ٹرانزیکشنز سے متعلق شکایت موصول ہونے پر خدیجہ شاہ کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں، تاہم درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ایف آئی اے کو اس حوالے سے کوئی باقاعدہ شکایت موصول نہیں ہوئی اور ادارے نے ازخود انکوائری شروع کی۔

خدیجہ شاہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے شروع کی گئی انکوائری بدنیتی پر مبنی ہے اور اسے کسی قانونی جواز کے بغیر شروع کیا گیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایف آئی اے کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دے کر اس کے خلاف کارروائی روکی جائے۔