خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی غیر آئینی اقدام ہے، بیرسٹر گوہر

خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی غیر آئینی اقدام ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کے عدالتی حکم میں ترمیم تو کردی ہے، تاہم آج کے عدالتی آرڈر سے بھی انہیں مایوسی ہوئی ہے۔

آئینی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنا، ایمرجنسی لگانا اور صوبائی حکومت ختم کرنا غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف آئینی عدالت سے رجوع کیا تھا، جبکہ اس معاملے پر فیصلہ کرنا پشاور ہائیکورٹ کی ذمہ داری تھی۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج بھی عدالت سے استدعا کی گئی کہ پشاور ہائیکورٹ کو درخواست پر فیصلہ کرنے دیا جائے، کیونکہ وہاں ابھی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے عدالتی کارروائی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت چاہتی ہے کہ متعلقہ فورم پر درخواست کی سماعت ہو اور اس پر قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔