اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سمیت اہم قومی و سیاسی معاملات پر غور کے لیے مرکزی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق اجلاس 18 اور 19 اکتوبر کو اسلام آباد میں جماعت کے سب آفس میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ اجلاس میں ملک بھر سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین شرکت کریں گے۔ترجمان کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کا معاملہ سرفہرست ہوگا۔ اس حوالے سے موجودہ سیاسی صورت حال اور ممکنہ اقدامات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔اسلم غوری نے بتایا کہ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورت حال، مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالات اور بالخصوص حرمین شریفین سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت کے مستقبل کے سیاسی فیصلے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ اہم قومی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں عوامی حقوق، مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر اہم مسائل کے حوالے سے جماعت کی جاری تحریک کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آئندہ کے لائحۂ عمل پر بھی مشاورت کی جائے گی۔اجلاس کو ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے معاملے پر جماعت کی آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کی مشاورت پر توجہ مرکوز رہے گی۔