ماحولیاتی تبدیلی، تنازعات اور معاشی عدم مساوات دنیا بھر میں غربت بڑھا رہے ہیں: بلاول بھٹو

ماحولیاتی تبدیلی، تنازعات اور معاشی عدم مساوات دنیا بھر میں غربت بڑھا رہے ہیں: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی، تنازعات اور معاشی عدم مساوات دنیا بھر میں غربت کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں۔

غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غربت، عدم مساوات اور سماجی ناانصافی کے خاتمے تک پیپلز پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ "روٹی، کپڑا اور مکان" کا نعرہ صرف ایک سیاسی وعدہ نہیں بلکہ عوامی فلاح کا عزم ہے، جسے پیپلز پارٹی ہمیشہ عملی شکل دینے کی کوشش کرتی رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں اپنی زندگیاں قربان کر دیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ شہید بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کا آغاز کیا گیا، جو آج بھی غربت کے خلاف سب سے مؤثر اور شفاف سماجی تحفظ کا نظام ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کو بااختیار بنانے اور غریب خاندانوں کو سہارا دینے کا ذریعہ ہے، جو نسل در نسل غربت کے چکر کو توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان عوامل پر توجہ دے جو لاکھوں انسانوں کو مایوسی اور محرومی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ دنیا جغرافیائی تقسیم سے بالاتر ہو کر انسانی بنیادوں پر مشترکہ اقدامات کرے تاکہ ایک منصفانہ، مساوی اور پائیدار عالمی نظام تشکیل دیا جا سکے۔