مالاگا: نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم سے اسپین کے شہر مالاگا جانے والی پرواز میں شراب کے نشے میں دھت 36 سالہ مسافر نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے چار فضائی میزبانوں کو مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق مسافر کے اشتعال انگیز رویے اور مسلسل بدتمیزی کے باعث طیارے کے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال اس قدر خراب ہوگئی کہ پائلٹس نے مسافر کے رویے اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے پرواز مقررہ وقت سے پہلے مالاگا ایئرپورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔طیارے کے مالاگا ایئرپورٹ پہنچتے ہی اسپین کے سول گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مسافر کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر ایک پولیس اہلکار پر بھی حملہ کیا، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق مسافر شدید اشتعال کی حالت میں تھا، جس کے باعث اسے ابتدائی طبی امداد اور معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں تفتیشی کارروائی مکمل ہونے پر اسے رہا کردیا گیا۔تاہم مسافر کے خلاف چار فضائی میزبانوں سے مبینہ جنسی بدسلوکی اور سرکاری اہلکار پر حملے کے الزامات کی عدالتی تحقیقات جاری ہیں۔