میکسیکو کی جیل میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ، 10 افراد ہلاک، 16 قیدی زخمی

میکسیکو کی جیل میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ، 10 افراد ہلاک، 16 قیدی زخمی

میکسیکو کی ریاست سینالوآ کے شہر مازاتلان کی ایل کاسٹیلو جیل میں شدید ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 16 قیدی زخمی ہوگئے۔

 ہلاک ہونے والوں میں 9 قیدی اور ملاقات کے لیے جیل آنے والا ایک شخص شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ جیل میں خاندانی ملاقاتوں کے دوران پیش آیا، جہاں قیدیوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور اس دوران آتشیں اسلحہ بھی استعمال کیا گیا۔ فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 16 قیدی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر فوج، نیشنل گارڈ، بحریہ اور ریاستی سیکیورٹی اداروں کے اہلکار جیل پہنچ گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے جیل کے اندر کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا اور مزید تشدد روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے۔حکام کے مطابق جیل میں اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ ایل کاسٹیلو جیل میں تقریباً 1,800 قیدی موجود ہیں، جس کے باعث واقعے کے بعد سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

واقعے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر جیل میں قیدیوں سے ملاقاتیں معطل کر دی گئی ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کے محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔جیل میں پیش آنے والے اس واقعے نے قیدیوں کی سیکیورٹی اور جیلوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ تاہم واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا حتمی تعین متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔