لاہور: نابینا یومیہ اجرت ملازمین کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری، سڑک ٹریفک کیلئے بند

لاہور: نابینا یومیہ اجرت ملازمین کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری، سڑک ٹریفک کیلئے بند

لاہور: پریس کلب کے باہر پنجاب بلائنڈ ڈیلی ویجز یونین کا احتجاجی دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے، جس میں مختلف سرکاری محکموں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے نابینا ملازمین بھی شریک ہوگئے ہیں۔ مظاہرین نے ملازمتیں مستقل ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بلائنڈ ڈیلی ویجز یونین کے زیرِ اہتمام نابینا ملازمین اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کر رہے ہیں۔ دھرنے میں مختلف سرکاری محکموں میں یومیہ اجرت پر خدمات انجام دینے والے نابینا ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہے۔مظاہرین کا مؤقف ہے کہ وہ طویل عرصے سے سرکاری محکموں میں فرائض انجام دے رہے ہیں، لیکن انہیں تاحال مستقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی ملازمتیں مستقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہوگئے، جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نابینا ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور ملازمتیں مستقل نہیں ہوتیں، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔دھرنے کے باعث ڈیوس روڈ سے ریلوے اسٹیشن جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گڑھی شاہو سے آنے والی ٹریفک کو بھی متبادل راستے کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔