جماعت اسلامی کا فیصل چوک پر دھرنا 23ویں روز بھی جاری، مال روڈ پر ٹریفک متاثر

جماعت اسلامی کا فیصل چوک پر دھرنا 23ویں روز بھی جاری، مال روڈ پر ٹریفک متاثر

لاہور میں جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا فیصل چوک پر 23ویں روز بھی جاری ہے، جس کے باعث فیصل چوک اور مال روڈ کا بڑا حصہ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

دھرنے کے باعث مال روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مال روڈ کی بندش کے باعث متبادل راستوں پر بھی ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور مختلف مقامات پر گاڑیوں کی روانی سست روی کا شکار ہے۔جماعت اسلامی نے اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس احمد ندیم ارشد نے شہری نسیم اختر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مال روڈ پر جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ابتدائی دلائل سننے کے بعد عدالت نے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

سماعت کے دوران جسٹس احمد ندیم ارشد نے ریمارکس دیے کہ مال روڈ پر دھرنے کے باعث بڑی مشکلات پیدا ہو رہی ہیں اور لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں کافی وقت لگ رہا ہے۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کس کو نوٹس جاری کیا جائے، جس پر وکیل نے آئی جی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی۔پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری تنویر اختر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔