لاہور پریس کلب کے باہر نابینا افراد کا احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری

لاہور پریس کلب کے باہر نابینا افراد کا احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری

لاہور: پریس کلب کے باہر نابینا افراد کا احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، رات گئے ہونے والی ہلکی بوندا باندی نے مظاہرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، تاہم نابینا افراد نے مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

جمعرات کی رات ہونے والی بوندا باندی کے باعث دھرنے میں شریک نابینا افراد اپنے سامان کو سمیٹ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں مصروف رہے۔ کسی مظاہرہ کرنے والے نے درخت کے نیچے پناہ لی تو کسی نے دکان کے شیڈ کو عارضی ٹھکانہ بنایا، جبکہ چند مظاہرین پریس کلب کے دروازے کے سامنے ہی بارش رکنے کا انتظار کرتے رہے۔رات گئے موسم کی خرابی اور بوندا باندی کے باعث دھرنے کے شرکاء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کھلے آسمان تلے بیٹھے مظاہرین کے لیے اپنا سامان محفوظ رکھنا اور بارش سے بچاؤ کے انتظامات کرنا بھی ایک چیلنج بن گیا۔

موسم کی سختی اور مشکلات کے باوجود نابینا افراد احتجاج جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ دھرنے سے واپس نہیں جائیں گے۔دوسری جانب انتظامی حکام کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی متعدد کوششیں کی گئیں، تاہم تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی اور مذاکرات ناکام رہے۔