صنعاء: یمن میں سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومتی فورسز نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن کو ملانے والی اہم آبی گزرگاہ باب المندب کے قریب واقع اپنے فوجی ٹھکانے خالی کرکے فوجی دستے واپس بلا لیے ہیں، جس کے بعد اس اہم بحری راستے کے اطراف حوثی باغیوں کے اثر و رسوخ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یمنی حکومتی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ صوبہ تعز کے مغربی علاقے میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے ساحلی علاقے سے اپنی فوجیں واپس بلا رہی ہیں۔ اس پیش رفت کو حوثی باغیوں کے خلاف سعودی حمایت یافتہ فورسز کی فوجی مہم کے لیے ایک اہم دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے، جو بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحیرہ عرب سے ملاتا ہے۔ اس راستے سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے بڑی تعداد میں تجارتی جہاز گزرتے ہیں، جس کے باعث اس علاقے میں فوجی کنٹرول اور سکیورٹی کی صورتحال کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔یمن کی جنوبی مسلح افواج کے مطابق فوجی دستوں کی واپسی کا فیصلہ عارضی دارالحکومت عدن اور اس کے پڑوسی صوبوں کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ خطرات سے نمٹنے، کمزور محاذوں کو مستحکم کرنے اور اہم علاقوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فوجی دستوں کو دوبارہ تعینات کیا جارہا ہے۔ حکومتی فورسز نے اس اقدام کو دفاعی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب فوجی انخلا کے بعد باب المندب کے قریب حوثی باغیوں کے اثر و رسوخ میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی پہلے ہی یمن کے وسیع علاقوں پر کنٹرول رکھتے ہیں اور بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کے باعث عالمی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔