حوثیوں کا موخا شہر پر قبضہ، باب المندب پر کنٹرول کا خطرہ بڑھ گیا، سعودی فضائی حملے جاری

حوثیوں کا موخا شہر پر قبضہ، باب المندب پر کنٹرول کا خطرہ بڑھ گیا، سعودی فضائی حملے جاری

صنعا: یمن میں حوثی گروپ نے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر موخا کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد باب المندب کے قریب ان کی پوزیشن مزید مضبوط ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق یمنی حکومت کے تین ذرائع نے بتایا ہے کہ حوثیوں نے موخا پر قبضہ کرلیا ہے۔ باب المندب کے قریب واقع اس اہم شہر پر کنٹرول حوثیوں کو بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں نمایاں تزویراتی فائدہ فراہم کرسکتا ہے۔دوسری جانب حوثی خبر رساں ادارے ’صبا‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فورسز نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبوں تعز، حدیدہ، الجوف اور مارب میں تقریباً 40 فضائی حملے کیے۔ حوثیوں کے مطابق یہ حملے سعودی عرب کے خلاف ان کی کارروائیوں کے بعد کیے گئے۔یمنی حکومت کے فوجی ذرائع کے مطابق حوثی تاریخی بندرگاہ موخا، ذباب اور باب المندب سے متصل دیگر ساحلی علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حوثیوں کے پاس پہلے ہی یمن کے گنجان آباد شمالی علاقوں کا بڑا حصہ موجود ہے۔باب المندب بحیرہ احمر کے جنوبی سرے پر واقع انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جو یمن کو افریقی ممالک جبوتی اور اریٹیریا سے جدا کرتی ہے۔

 خلیجی ممالک سے یورپ جانے والے تیل اور دیگر تجارتی سامان کی بڑی مقدار اسی راستے سے گزرتی ہے۔اگر حوثی باب المندب پر مؤثر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں دیگر اہم بحری گزرگاہوں کی صورتحال بھی عالمی توانائی کی سپلائی کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔تازہ پیش رفت کے بعد یمن میں جاری لڑائی کے دوبارہ بڑے پیمانے پر جنگ میں تبدیل ہونے اور بحیرہ احمر کی اہم تجارتی گزرگاہوں پر کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔