تل ابیب: یمن کے حوثی گروپ کی باب المندب آبنائے کے قریب بڑھتی ہوئی موجودگی کے باعث اسرائیل نے اپنی بحری افواج کی تیاری اور نگرانی میں اضافہ کردیا ہے۔
ترکیہ کی خبر رساں ایجنسی انادولو نے اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی ادارے بحیرہ احمر کے ساحل پر حوثیوں کی پیش قدمی اور اہم سمندری گزرگاہ کے اطراف ان کی پوزیشن مضبوط ہونے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔اسرائیلی اندازوں کے مطابق یمنی حکومتی فورسز کی پیریم جزیرے (میون آئی لینڈ) سے پسپائی کے بعد حوثیوں کی بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ جزیرہ باب المندب کے داخلی راستے کے قریب واقع ہونے کے باعث خاص جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے۔
باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحر ہند سے ملانے والی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ اس خطے میں کشیدگی یا بحری نقل و حرکت میں رکاوٹ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو متاثر کرسکتی ہے۔اسرائیل کی جانب سے بحری تیاری میں اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں حوثیوں کی پیش قدمی کے باعث خطے میں بحری سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔