موخا ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے 2 فضائی حملے، حوثی باب المندب کے قریب پہنچ گئے

موخا ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے 2 فضائی حملے، حوثی باب المندب کے قریب پہنچ گئے

صنعا: سعودی عرب نے یمن کے ساحلی شہر موخا کے ہوائی اڈے پر دو فضائی حملے کیے ہیں۔

حوثی میڈیا کے مطابق سعودی طیاروں نے موخا ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا، تاہم حملوں کے نتیجے میں جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔موخا شہر پر حوثیوں نے جمعرات کو قبضہ کیا تھا۔ حوثیوں نے گزشتہ ہفتے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی، جس کے بعد بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں لڑائی میں شدت آگئی ہے۔دوسری جانب یمنی حکومتی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ حوثی جنگجو باب المندب آبنائے کے قریب واقع شہر ذباب تک پہنچ گئے ہیں۔ ذباب باب المندب کے بالکل قریب اور جزیرہ پریم کے سامنے واقع ہے۔ذرائع کے مطابق ذباب اور پریم پر کنٹرول حاصل کرنا باب المندب پر اثر و رسوخ قائم کرنے کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ باب المندب بحیرۂ احمر کو خلیج عدن سے ملانے والی اہم عالمی بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے ایشیا اور یورپ کے درمیان بڑی مقدار میں تجارتی سامان منتقل ہوتا ہے۔

حوثیوں کی موخا پر پیش قدمی اور باب المندب کی جانب بڑھتی ہوئی سرگرمیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث خطے کے اہم سمندری راستے پہلے ہی خطرات سے دوچار ہیں۔رائٹرز کے مطابق جمعرات کو باب المندب سے 26 تجارتی جہاز گزرے، جو حالیہ اوسط کے قریب تعداد ہے، تاہم حوثیوں کی پیش قدمی نے مستقبل میں بحری آمدورفت اور عالمی تجارت کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔باب المندب پر ممکنہ کنٹرول یا وہاں کشیدگی میں اضافے سے بحیرۂ احمر کی بحری آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور خطے کی سکیورٹی پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔